اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر پیٹرولیم علی پرویز کو اہم ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایندھن کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو فوری طور پر کراچی پہنچنے اور آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں ایندھن کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ کراچی جاکر مقامی ریفائنریز سے مذاکرات کریں اور مقامی طور پر تیار ہونے والے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی زیادہ تر مقدار مقامی ریفائنریز میں تیار ہوتی ہے، اس لیے عوام کو قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کے لیے ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ جس قدر ممکن ہو سکے، عوام تک پیٹرولیم مصنوعات اور بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں سستے دلاؤ کا فوری ریلیف پہنچایا جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

