پشاور : فیڈر کی بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کا نظام نافذ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی تاکہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین متاثر نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں بجلی چوری کے خاتمے، واجبات کی وصولی اور لوڈشیڈنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، پیسکو کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایکس ای اینز نے شرکت کی۔
کمشنر پشاور نے پیسکو حکام کو ہدایت کی کہ فیڈر کی بجائے اب ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین متاثر نہ ہوں۔
اجلاس میں بجلی چوروں اور بڑے نادہندگان کے خلاف منگل سے بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جن میں پیسکو، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شامل ہوں گے۔
اجلاس میں بجلی کے بقایا جات کی فوری وصولی اور نئے میٹرز کی تنصیب کے عمل کو تیز کرنے کی سخت ہدایت کی گئی۔
بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لیے پیسکو اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کمشنر نے ریکوری اور میٹرنگ سے متعلق ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
کمشنر ریاض خان محسود نے واضح کیا کہ بجلی چوری کے خلاف یہ کارروائی کسی مخصوص فرد یا علاقے کے خلاف نہیں بلکہ قانون کی بالادستی اور بل دہندگان کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے۔

