وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں آئندہ حج کی تیاریوں اور پاکستانی عازمین کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو حج آپریشن کی پیشگی تیاریوں، آپریشنل امور اور سعودی حکام کے ساتھ معاہدوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزارت مذہبی امور کے جاری منصوبوں اور عوامی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حج آپریشن کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور پاکستانی عازمین کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات سمیت بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حج سے متعلق تمام انتظامی اور تیاری کے امور وقت سے پہلے حتمی شکل دیے جائیں تاکہ عازمین کو مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے حج کے عمل کو شفاف، منظم اور عازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت بخش بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

