لاہور : پنجاب میں بڑے مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا ، پہلے مرحلے میں لاہور اور ملتان کے 4، 4 مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ شروع کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے بڑے مزارات کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ایوانِ اوقاف میں قائم کیے گئے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ڈی جی مذہبی امور بھی موجود تھے، صوبائی وزیر نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ذریعے مزارات کی مانیٹرنگ کے عمل کا خود مشاہدہ کیا۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں لاہور اور ملتان کے 4، 4 بڑے مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں پنجاب بھر کے مزید 8 مزارات کو اس سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔
مزارات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو جدید ترین کیمروں سے لیس کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مزارات کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے متعلقہ تھانوں سے فوراً منسلک کیا جائے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں تیز رفتار اور معیاری انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کے تمام امور اور زمینوں کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے سیکرٹری اوقاف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کی بدولت ادارے کے امور میں واضح بہتری آئی ہے۔

