لاہور: پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر ہیڈ آفس لاہور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے افسران، ملازمین اور انٹرنز کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر حنا پرویز بٹ نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنیٰ نذیر، انٹرنز اور عملے کے ہمراہ یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور اور تاریخی کردار ادا کیا۔ مادر ملت فاطمہ جناح سمیت خواتین رہنماؤں نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا جبکہ قیام پاکستان کے بعد بھی پاکستانی خواتین نے سیاست، تعلیم، انتظامیہ اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں۔ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے دلیرانہ اقدامات سے خواتین کے کمزور ہونے کے تاثر کو ختم

کیا ہے۔ خواتین خود کو کمزور نہ سمجھیں بلکہ ملکی اور معاشرتی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
حنا پرویز بٹ نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں، علم اور توانائی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لانی چاہئیں۔
تقریب کے دوران پی ڈبلیو پی اے کے انٹرن سٹوڈنٹس نے خواتین کے حقوق اور تحفظ سے متعلق آگاہی کے لیے مختصر تھیٹر پلے بھی پیش کیے، جن کے ذریعے خواتین کو درپیش مسائل، ان کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

