سربراہ قومی سلامتی کونسل ایران محسن رضائی کا کہنا ہے کہ ایران، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی ذمہ داری ہے کہ عالم اسلام میں اتحاد کے لیے کام کریں۔
نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اور سربراہ قومی سلامتی کونسل ایران محسن رضائی کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
محسن رضائی نے کہا کہ ہم پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کو عالمِ اسلام کا عظیم اثاثہ سمجھتے ہیں، وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف پہلے سے کہیں زیادہ فعال کردار ادا کررہے ہیں، وہ علاقائی پیش رفت کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر پزشکیان پاکستان کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، ایرانی صدر سمجھتے ہیں دونوں ممالک میں تجارتی حجم میں کئی گنا اضافہ کیا جانا چاہیے، دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط تعلق قائم ہوا ہے اور یہ قربت حقیقی اور گہرے یقین پر مبنی ہے۔
سربراہ سلامتی کونسل ایران نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان باہمی پیار عالمی سطح پر مثال ہے، امام خمینی، شہید سپریم لیڈر اور موجودہ سپریم لیڈر نےپاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کو سمجھا، دونوں اقوام کے درمیان تعلقات حقیقی اور مشترکہ عقائد و نظریات پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران پاکستان کے عوام نے ہماری بھرپور حمایت کی ہے، پاکستان میں پیش آنے والے واقعات ایرانی عوام کے لیے تشویش کا باعث ہوتے ہیں۔

