(11 اگست 2026): اگلے برس کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کرنے والی 10 ٹیمیں فائنل ہو گئیں۔
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ اگلے برس تین افریقی ممالک کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک کھیلا جائے گا۔
تقریباً ڈیڑھ ماہ جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں پہلی بار 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلیں جائیں گے۔
ورلڈ کپ 2027 میں 8 ٹیمیں براہ راست رینکنگ کی بنیاد پر شرکت کی اہل ہوں گی جب کہ چار ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔
میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے کو میگا ایونٹ کی میزبانی کی بنیاد پر براہ راست رسائی مل چکی ہے جب کہ افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف بیلفاسٹ میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کرکے ٹاپ آٹھ میں اپنی پوزیشن تقریباً یقینی بنالی ہے۔
30 ستمبر کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ 8 پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے علاوہ براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
اس طرح دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور افغانستان براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہوں گی۔
دوسری جانب 10 ویں نمبر پر موجود دو بار کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم کو میگا ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے کے لیے فروری 2027 میں کوالیفائر کھیلنا پڑے گا۔

