جشنِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور موٹر سائیکلوں میں غیر قانونی تبدیلیاں کرنے والوں کے خلاف لاہور ٹریفک پولیس نے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر بھر کی موٹر سائیکل مارکیٹوں میں مکینکس اور دکانداروں کو خصوصی طور پر آگاہ کیا جارہا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر موٹر مکینکس کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ مکینکس اور دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موٹر سائیکلوں میں ون ویلنگ، تیز رفتاری یا غیر معمولی شور پیدا کرنے کے لیے کسی قسم کی غیر قانونی تبدیلی نہ کی جائے۔
سی ٹی او کے مطابق موٹر سائیکل کے بفل یا سائلنسر میں غیر قانونی تبدیلی کرنے والے مکینکس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ ون ویلنگ، تیز رفتاری یا سائلنسر سے غیر معمولی آواز نکالنے والی موٹر سائیکلوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ جشنِ آزادی کو محفوظ اور پُرامن بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔ نوجوان ہلڑ بازی اور ون ویلنگ سے گریز کرتے ہوئے قومی دن پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

