لاہور : حضرت داتا گنج بخشؒ کے983 ویں عرس کی تقریبات کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی مبارک تقریبات داتا دربار میں عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں، جس کے پیشِ نظر شہربھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے رات گئے داتا دربار کا تفصیلی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے زائرین کی جامع چیکنگ، واک تھرو گیٹس اور دربار کے اندرونی وبیرونی حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے دودھ کی سبیلوں اور اطراف میں قائم داخلی و خارجی ناکوں پر تعینات پولیس نفلز کا بھی جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ لاہور میں بارش کے باوجود پولیس افسران اور جوان پوری تندہی سے الرٹ ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
فیصل کامران نے واضح کیا کہ ملک بھر سے آنے والے تمام زائرین کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور یہ تمام تر حفاظتی اقدامات شہریوں کی اپنی سلامتی کے لیے کیے گئے ہیں۔

