پورٹ آف اسپین (4 جولائی 2026): پاک ویسٹ انڈیز دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں پر 266 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ پورٹ آف اسپین میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں دوسرا روز پاکستان ٹیم کے نام رہا۔
ویسٹ انڈیز کے 344 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لیے ہیں، تاہم اس کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے اب بھی 78 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 34 کے اسکور پر گری، جب امام الحق صرف 14 رنز بنا کر شیمار جوزف کی وکٹ بن گئے۔ دوسری وکٹ کے لیے نوجوان اوپنر اذان اویس اور عبداللہ شفیق کے درمیان 74 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
98 رنز کے مجموعی اسکور پر اذان اویس 55 رنز بنا کر ویریکن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ یہ دوسرے روز پاکستان کی جانب سے گرنے والی آخری وکٹ تھی۔
تیسری وکٹ کے لیے عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کے درمیان 168 رنز کی نا قابل شکست پارٹنر شپ قائم ہو چکی ہے۔ اس دوران عبداللہ شفیق نے اپنے کیریئر کی چھٹی ٹیسٹ سنچری مکمل کی جب کہ بابر اعظم نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد اپنے کیریئر کی 10 ویں سنچری سے 14 رنز دوری پر ہیں۔
دوسرے روز کھیل کے اختتام پر عبداللہ شفیق 107 جب کہ کپتان بابر اعظم 86 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کرنے کے لیے 78 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل اس سے قبل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جسٹن گریوز نے 73 اور کپتان روسٹن چیز نے 70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔ برینڈن کنگ 46، شے ہوپ 29 اور عامر جنگو 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے۔ پاکستان کو سیریز کی شکست سے بچنے کے لیے یہ ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے، ڈرا ٹیسٹ بھی ویسٹ انڈیز کو سیریز میں سرخرو کر دے گا۔

