لاہور(4 جولائی 2026): پی سی بی نے سابق جنوبی افریقی کرکٹر مائیکل اسمتھ کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق 46 سالہ مائیکل اسمتھ کو 2 سال کے لیے اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے اور وہ ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں گے۔
مائیکل اسمتھ کا بطور کھلاڑی کیریئر بھی شاندار رہا ہے، انہوں نے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 7,029 رنز بنائے، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے سال 2003 سے 2013 کے دوران 89 فرسٹ کلاس، 72 لسٹ اے اور 16 ٹی20 میچز کھیلے۔
کوچنگ کے شعبے میں وہ لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن کے حامل ہیں۔ مائیکل اسمتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تین فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا میں ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے بیٹنگ کوچ جبکہ جنوبی افریقا کی ‘کے زیڈ این اِن لینڈ’ اور ‘ایسٹرن پروونس’ کے ساتھ کوچنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق، مائیکل اسمتھ 19 اگست سے شروع ہونے والی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

