کراچی : گڈز ٹرانسپورٹرز تنظیموں نے 8 اگست سے ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کردیا ، ہڑتال کے دوران اشیائے ضروریہ سمیت ہر قسم کے سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 8 اگست سے ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا، جبکہ راولپنڈی ریجن اور خیبرپختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ کمیٹی نے بھی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہڑتال کے دوران اشیائے ضروریہ سمیت ہر قسم کے سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند رہے گی اور یہ احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا گیا ہے، جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا نظام ختم کرکے ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کا تعین، حالیہ اضافے کی واپسی، ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس لینے اور 30 جون 2024 کی شرح بحال کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔
چارٹر آف ڈیمانڈ میں گڈز ٹرانسپورٹ پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کو کم کرکے آئل ٹینکرز کی طرز پر 2 فیصد کرنے، اوور لوڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائی اور 10 وہیلر گاڑیوں کے مجاز وزن پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی ریجن اور خیبرپختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ کمیٹی کے مرکزی عہدیدار ملک نثار احمد نے 8 اگست کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز میں کمی کرے۔
ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو 8 اگست سے شروع ہونے والی ملک گیر ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔

