میانوالی : عیسیٰ خیل میں کار میں دم گھنٹے کےباعث 4 بچے جاں بحق ہوگئے ، چاروں بچے مالک مکان کی کار میں بیٹھے تو خودکاردروازہ لاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل کے علاقے کھگلاں والا روڈ پر ایک انتہائی دلخراش اور المناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک کھڑی کار میں دم گھٹنے اور حبس کے باعث 4 معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ رات گئے تھانہ عیسیٰ خیل کو اطلاع ملی کہ چار کمسن بچے ایک کھڑی گاڑی کے اندر بند ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے، اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو اداروں کے تعاون سے بچوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا، تاہم ہسپتال ذرائع اور ڈیوٹی ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد چاروں بچوں کی موت کی تصدیق کر دی۔
ابتدائی تحقیقات اور پولیس رپورٹ کے مطابق بچے گھر سے کھیلنے کے لیے نکلے تھے اور مبینہ طور پر ایک ہمسائے کی کھڑی گاڑی کے اندر بیٹھ گئے، گاڑی کا خودکار (آٹو لاک) نظام فعال ہونے کی وجہ سے دروازے لاک ہو گئے اور بچے باہر نہ نکل سکے۔
شدید گرمی، حبس اور کار کے اندر آکسیجن کی کمی کے باعث بچوں کا دم گھٹ گیا، کافی دیر تک بچوں کے گھر نہ پہنچنے پر جب اہل خانہ نے تلاش شروع کی، تو بچے کار کے اندر سے مردہ حالت میں ملے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 4 سے 7 سال کے درمیان ہیں، جن کی شناخت 7 سالہ فرشتہ بی بی ، 5 سالہ محمد حسین ، 4 سالہ حبیبہ اور سنیبہ کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ تاہم، مرحوم بچوں کے ورثاء نے پولیس کو تحریری طور پر بیان دیا ہے کہ وہ کسی کے خلاف قانونی کارروائی نہیں چاہتے کیونکہ یہ ایک ناگہانی حادثہ تھا۔

