کوئٹہ(3 اگست 2026): پائپ لائن میں خرابی کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل کردی گئی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ترجمان کے مطابق پائپ لائن میں اچانک خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا کہ یہ خرابی 16 انچ قطر کے ایک والو میں اچانک پیدا ہوئی ہے۔ فوری ازالے کے لیے تکنیکی عملہ ہنگامی بنیادوں پر مرمت کے کام میں مصروف ہے، اور مرمتی کام کامیابی سے مکمل ہونے کی صورت میں گیس کی فراہمی شام 6:00 بجے تک بحال کیے جانے کی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق گیس کی سپلائی معطل ہونے والے علاقوں میں مشرقی بائی پاس، لنک بادینی، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ اور کرانی روڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کلی ترخہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، گوالمنڈی، مالی باغ، اور مشن اسپتال و اکرم اسپتال کے اطراف کے علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی عارضی طور پر بند ہے۔
ایس ایس جی سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کی فراہمی مکمل بحال ہونے تک اپنے روزمرہ استعمال کے لیے ضروری انتظامات کر لیں۔

