گلاسگو(یکم اگست 2026): کامن ویلتھ گیمز کے جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں سری لنکا کے رمیش پتھیراگے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے فائنل میں 89.75 میٹر کی سب سے بڑی تھرو کی۔
بھارت کے نامور ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے سلور میڈل حاصل کیا، جن کی سب سے بڑی تھرو 85.83 میٹر رہی۔ اسی طرح بھارت کے ہی یش ویر سنگھ 85.41 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے اور برانز میڈل حاصل کیا۔
دوسری جانب پاکستان کے جیولن تھرو اسٹار ارشد ندیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ ارشد ندیم فائنل کے 12 کھلاڑیوں میں سے 9ویں نمبر پر رہے اور ان کی سب سے بڑی تھرو 77.41 میٹر ریکارڈ کی گئی۔
قواعد کے مطابق ارشد ندیم کو میڈل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے تین تھروز کے بعد ٹاپ 8 کھلاڑیوں میں جگہ بنانا تھی، جو وہ حاصل نہ کر سکے۔

