اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی سزا معطلی کیلئے آئینی عدالت پہنچ گئیں، دائر درخواست میں سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی سزا معطلی کے لیے آئینی عدالت میں اپیل دائر کر دی، جس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دورانِ قید بشریٰ بی بی کو آنکھوں کی بیماری لاحق ہوئی، جس کے باعث ان کی آنکھ کی سرجری بھی کرنا پڑی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحت کی خراب صورتحال اور خاتون ہونے کے باعث وہ ضمانت کی مستحق ہیں۔
بشریٰ بی بی نے اپیل میں یہ بھی مؤقف اپنایا کہ انہیں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا، جہاں انہیں مناسب علاج اور دیکھ بھال کی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔
درخواست میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ نیب جان بوجھ کر سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلے میں تاخیر اور رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔
اپیل میں آئینی عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

