کوٹلی (27 جولائی 2026): آزاد کشمیر میں الیکشن کے پہلے مرحلے کے دوران میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ کا وقت شروع ہو گیا ہے۔
تمام حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں آٹھ بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام پانچ بجے تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گی، شہری ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز آنا شروع ہو گئے ہیں۔
میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے کچھ حلقوں میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، آئی پی پی اور جماعت اسلامی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ 6 حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 126 امیدوار مدمقابل ہیں۔
ضلع کے 6 انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، میرپور میں 597، کوٹلی میں 1107 اور بھمبر میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ایل اے 8 راج محل1 میں 66 انتہائی حساس، 44 حساس، اور 43 نارمل پولنگ اسٹیشنز قرار دیے گئے ہیں، ایل اے 9 کوٹلی 2 میں 113 انتہائی حساس، 63 حساس اور کوئی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں، ایل اے 11 سہنسہ کوٹلی 4 میں 77 انتہائی حساس اور 91 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔
ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑہوئی میں تمام 113 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ایل اے 13 کوٹلی 6 میں 91 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 51 کو حساس اور 51 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران کے خلاف الیکشن کمیشن نے فوری ایکشن لیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پہنچنے کی بہ جائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے۔ دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر دیے گئے ہیں۔

