ممبئی : کرسٹوفر نولان کی ’دی اوڈیسی‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے، صرف بھارت میں 7 دن میں 100 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا۔
ہالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرسٹوفر نولان ایک بار پھر باکس آفس پر چھا گئے ہیں، ان کی نئی فلم “دی اوڈیسی” (The Odyssey) نے ریلیز کے صرف ایک ہفتے میں بھارت میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرکے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جبکہ دنیا بھر میں فلم کی مجموعی کمائی 40 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔
17جولائی کو عالمی سطح پر ریلیز ہونے والی اس فلم کو ناقدین اور شائقین دونوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
فلم نے نہ صرف افتتاحی ہفتے کے اختتام پر شاندار بزنس کیا بلکہ ہفتے کے درمیانی دنوں میں بھی سنیما گھروں میں ناظرین کی دلچسپی برقرار رہی، جو اس کی کامیابی کی بڑی وجہ سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریلیز کے 8ویں روز تک “دی اوڈیسی” نے بھارت میں تقریباً 110 کروڑ 11 لاکھ روپے کا مجموعی بزنس کر لیا، جبکہ فلم کی نیٹ کمائی 92 کروڑ 33 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
اس وقت بھی فلم ملک بھر میں تقریباً 2 ہزار 900 سنیماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے، جس کے باعث ویک اینڈ پر مزید نمایاں کمائی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
بھارت فلم کے لیے بیرونِ ملک سب سے بڑی اور مضبوط مارکیٹس میں شامل ہوگیا ہے، فلم کی ریلیز سے قبل ہی اس کی دھوم اس وقت شروع ہو گئی تھا جب کرسٹوفر نولان نے اپنی عالمی پریمیئر تقریب کے لیے ممبئی کو منتخب کیا۔
یہی جوش و خروش بعد میں باکس آفس پر بھی نظر آیا، جہاں فلم نے پہلے ہی ویک اینڈ میں تقریباً 70کروڑ روپے کا بزنس کیا اور پھر صرف سات دن میں 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرلیا۔
وارنر برادرز پکچرز انڈیا کے نائب صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر ڈینزل ڈیاس نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف مالی کامیابی نہیں بلکہ بھارتی شائقین کے اعتماد اور محبت کا مظہر ہے۔
ان کے مطابق فلم ریلیز کے کئی دن بعد بھی سینما گھروں میں بھرپور رش دیکھنے کو مل رہا ہے، جو اس کی غیر معمولی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
صرف بھارت ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی “دی اوڈیسی” ریکارڈز قائم کر رہی ہے، فلم نے ابتدائی ہفتے میں ہی 26 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمائی کی تھی، جبکہ تازہ ترین تخمینوں کے مطابق اس کی عالمی آمدنی 40 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
Tonight, the epic arrives. Experience Christopher Nolan’s The Odyssey in theaters. Get tickets now. pic.twitter.com/dsFeZ4dnW6
— The Odyssey Movie (@odysseymovie) July 16, 2026
یونانی شاعر ہومر کی شہرۂ آفاق رزمیہ داستان پر مبنی اس فلم میں میٹ ڈیمن نے یونانی بادشاہ اوڈیسیئس کا کردار ادا کیا ہے، جو ٹروجن جنگ کے بعد اپنے وطن واپسی کے دس سالہ پرخطر سفر پر نکلتا ہے۔
اس دوران اسے دیومالائی مخلوقات، طاقتور دیوتاؤں اور بے شمار خطرناک آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ اس کی اہلیہ پینیلوپ اس کی واپسی کی منتظر رہتی ہے۔
فلم کی شاندار کاسٹ میں این ہیتھاوے، ٹام ہالینڈ، زینڈایا، رابرٹ پیٹنسن، لوپیتا نیونگو اور شارلیز تھیرون بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جن کی پرفارمنس کو بھی ناقدین کی جانب سے بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔

