اسلام آباد(23 جولائی 2026): بھارت نے اپنے غیر انسانی اقدامات اور منفی عزائم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سلال ڈیم کے تمام آہنی گیٹ کھول دیے ہیں۔
سلال ڈیم کے تمام گیٹ کے کھلنے کے باعث دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں شدید اضافہ ہو گیا ہے اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی پنجاب کے مطابق سلال ڈیم کے دروازے کھلنے کے بعد ہیڈ خانکی، قادر آباد اور لہڑی ہیڈ گوگی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ لاہور کے قریب ہیڈ مرالہ اور بلوکی پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جبکہ نالہ بسنتر (نارووال) میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
دوسری جانب تربیلا، چشمہ، منگلا، نوشہرہ اور چینوٹ برج سمیت نالہ ڈیک میں نچلے درجے کا سیلاب رپورٹ ہوا ہے۔ پانی کے آمد و اخراج کے اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم کا واٹر لیول 1519.11 فٹ اور منگلا ڈیم کا لیول 1183.90 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہیڈ مرالہ، خانکی، قادر آباد، منگلا، لہڑی اور بلوکی پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں نے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تدابیر اور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

