لندن (22 جولائی 2026): اینڈی برنہم نے برطانیہ کے نئے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالتے ہی عوام کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے عہدہ سنبھالنے کے اگلے روز ملک بھر میں بجلی سستی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بلوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ان کے اس فیصلے سے عوام کی توانائی کی مد میں بچت ہوگی اور ان کی جیبوں میں زیادہ رقم بچے گی، جس سے ان کا لائف اسٹائل بہتر ہونے میں مدد لے گی۔
اینڈی برنہم نے کہا کہ کہ اس اقدام سے انرجی ریگولیٹر آف جیم کے پرائس کیپ میں تقریبا 45 پاؤنڈ کی کمی آئے گی۔
برطانوی وزیراعظم کے مطابق وی اے ٹی کی مد میں 850 ملین پاؤنڈ کی کمی کو 1.8 بلین پاؤنڈ کے ڈیجیٹل آئی ڈی منصوبے کو ختم کر کے پورا کیا جائے گا۔
اوسط بل میں 45 پاؤنڈ کی کمی گزشتہ برس کے بجٹ میں سابق ان کے پیش رو وزیراعظم سر کیر اسٹارمر کی جانب سے دی گئی 150 پاؤنڈ کی رعایت کے علاوہ ہوگی۔
ماہرین نئے اعلان سے امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ اس فیصلے سے مہنگائی کی شرح میں 0.1 فیصد کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیرِاعظم نے گزشتہ روز ڈاؤننگ اسٹریٹ پر اپنی پہلی تقریر میں وعدہ کیا تھا کہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کریں گے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق اخراجاتِ زندگی میں مستقل کمی کے لیے مزید اقدامات کا اعلان آئندہ بجٹ میں کیا جائے گا، جو اس سال موسمِ خزاں میں متوقع ہے۔
یکم اکتوبر کو وی اے ٹی میں کٹوتی اسی وقت نافذ ہوگی جب نئی انرجی پرائس کیپ کا اطلاق ہوگا، یہ حد ہر تین ماہ بعد مقرر کی جاتی ہے اور اس سے یہ طے ہوتا ہے کہ ایک اوسط گھرانہ بجلی اور گیس کے لیے اوسطاً کتنی رقم ادا کرے گا، اس وقت یہ حد 1,663 پاؤنڈ ہے۔

