پشاور / اسلام آباد : مون سون کی طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، آزاد کشمیر اور پنجاب کے ندی نالوإں مین طغیانی جبکہ خیبرپختونخوا میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مون سون کے دوسرے طاقتور اسپیل نے خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جہاں طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 12 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کئی علاقوں میں سڑکیں، پل اور مکانات متاثر ہوئے جبکہ دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں شدید بارش کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے متعدد گاڑیوں کو بہا دیا، جبکہ پاک افغان شاہراہ بھی زیرِ آب آگئی، جس سے ٹریفک کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔
وادی کاغان میں سہوچ کے مقام پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ناران۔ جلکھڈ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے۔
مسلسل بارشوں کے باعث برساتی پانی تین رابطہ پل بھی بہا لے گیا جبکہ متعدد گھروں اور ہوٹلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دریائے کنہار میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے سے نشیبی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔
مردان میں بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور ایک بچی زخمی ہوگئیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں کٹھاپیراں نالہ شدید طغیانی کا شکار ہوگیا، جہاں تیز رفتار پانی بڑے بڑے پتھروں کو بھی بہا لے گیا، جس سے ملحقہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پنجاب میں بھی مون سون بارشوں نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔ وزیرآباد کے مقام پر دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے گھروں کی فوری خالی کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ چنیوٹ میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے مون سون کی بارشوں سے لطف اٹھایا، تاہم متعلقہ اداروں نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے 24 جولائی تک خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں مزید موسلادھار بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

