اسلام آباد : ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی صدر کا خصوصی پیغام لے کر آج پاکستان پہنچیں گے، اس دوران ان کی پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی آج اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے، وہ ایرانی صدر کا خصوصی پیغام بھی پاکستانی قیادت تک پہنچائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسکندر مومنی اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ان کی ملاقات کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ ایرانی وزیر داخلہ خطے میں جاری سفارتی اور مذاکراتی عمل میں بھی فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی اور اسکندر مومنی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے، جن میں پاکستان اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور اس پر مؤثر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی سلامتی، باہمی رابطوں، تجارت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اپنے دورۂ پاکستان کے دوران لاہور اور کراچی بھی جا سکتے ہیں، جبکہ وہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری بھی دیں گے۔

