کراچی(18 جولائی 2026): آل پاکستان آئل اونرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آل پاکستان آئل اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر شمس شاہوانی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں آئل ٹینکرز کی سپلائی بلا تعطل جاری رہے گی اور موجودہ نازک حالات میں ایسوسی ایشن پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی سہولت کے لیے تیل کی سپلائی بند نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین آئل اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ کرایوں اور دیگر دیرینہ معاملات پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، اور اس سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مسلسل اجلاس ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ تمام مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔
میر شمس شاہوانی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہ آئے اور کرپٹ مافیا کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عالمی منڈی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھیں، تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

