کراچی : پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور روزانہ تعین کی پالیسی پر عوام نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ان کا دل کرے تو یہ پیٹرول کی قیمت ہر سیکنڈ تبدیل کریں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے فیصلے پر ملک بھر کے عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
شہریوں، تاجروں اور صنعت کاروں نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں عام شہریوں نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات بڑھانے کے بجائے ان کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ “حکمران صرف اپنا سوچتے ہیں، غریب لوگوں کا خیال کسی کو نہیں ہے، ان کا بس چلے اور دل کرے تو یہ پیٹرول کی قیمت ہر سیکنڈ میں تبدیل کر دیں۔
عوام نے مزید کہا کہ ایک دو روپے کم کر کے یکمشت پانچ روپے بڑھا دینا سراسر نا انصافی ہے۔ عوام پر مہنگائی کا بوجھ مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔”
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ اگر قیمتیں روزانہ بدلیں گی تو ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو روزانہ کی بنیاد پر کیسے نافذ کیا جائے گا؟ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے جھگڑے روز کا معمول بن جائیں گے۔
یاد رہے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے چوالیس پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں اکتیس روپے پانچ پیسے فی لٹر اضافہ کا اعلان کیا تھا۔
جس کے بعد فی لٹر پیٹرول کی قیمت تین سو دس روپے اکہتر روپے سے بڑھ کر تین سو سولہ روپے پندرہ پیسے ہوگئی جبکہ ڈیزل فی لٹر تین سو تئیس روپے تیس پیسے سے بڑھ کر تین سو چوؤن روپے پینتیس پیسے کا ہوگیا۔
وزارت پیٹرولیم نے نوٹی فیکیشن جاری کردیا، جس کے تحت مٹی کا تیل چونتیس روپے تینتیس پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا گیا، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

