اسلام آباد : بینک فراڈ کے ذریعے نکلوائی گئی 28 لاکھ 39 ہزار روپے کی رقم شہری کو واپس دلوا دی گئی، رقم آئی بی ایف ٹیز اور راست پیمنٹس کے ذریعے نکالی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بینک فراڈ کے ذریعے نکلوائی گئی 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے کی رقم متاثرہ شہری کو واپس دلوا دی۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے اطلاع دی تھی کہ 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب ان کے الائیڈ بینک لمیٹڈ، افشاں کالونی برانچ راولپنڈی میں موجود اکاؤنٹ سے مختلف آئی بی ایف ٹیز اور راست پیمنٹس کے ذریعے ان کی اجازت کے بغیر 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے منتقل کر لیے گئے۔
شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ اس دوران انہیں موبائل فون پر کسی قسم کا ٹرانزیکشن الرٹ موصول نہیں ہوا، جس کے باعث وہ بروقت فراڈ سے آگاہ نہ ہو سکے۔
ایف آئی اے نے شکایت موصول ہونے پر تحقیقات کا آغاز کیا اور متعلقہ بینک سے ریکارڈ طلب کیا، مکمل چھان بین اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر بینک انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیا گیا، جس کے بعد بینک نے متاثرہ شہری کی مکمل رقم واپس ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی۔
ایف آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مالیاتی اور بینکاری فراڈ سے محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک لین دین یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔

