کراچی(16 جولائی 2026): شہرِ قائد کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 9 میں مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، مشتعل عوام کے بدترین تشدد کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے ملزمان موٹر سائیکل اسنیچر ہیں جو سچل کے علاقے سے ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ موٹر سائیکل کے مالک اور دیگر شہریوں نے ملزمان کا پیچھا کیا اور گلستانِ جوہر تک پہنچ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گلستانِ جوہر میں پولیس موبائل کو دیکھ کر وہاں سے گزرنے والے ایک کار سوار نے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر انہیں نیچے گرا دیا۔ موٹر سائیکل سے گرنے کے باعث ملزمان پہلے ہی زخمی ہو چکے تھے کہ اسی دوران وہاں موجود مشتعل شہریوں نے انہیں گھیر لیا۔
مشتعل عوام نے قانون ہاتھ میں لیتے ہوئے ملزمان پر لاٹھیوں، ڈنڈوں اور پتھروں سے بدترین تشدد کیا اور انہیں سڑک پر گھسیٹا۔ عوام کے اس تشدد کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے شدید زخمی حالت میں تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے اور واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

