کراچی : پاکستان ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے جدید بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیاروں کی آمد کو پی آئی اے کی بحالی اور جدیدیت کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے قومی ایئرلائن (PIA) میں جدید بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیاروں کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے پی آئی اے کی بحالی اور جدیدیت کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
بانی ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن عمران اسلم خان نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ پی آئی اے کی بحالی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر کی شمولیت ایک انتہائی پیش رفت ثابت ہوگی۔
ڈریم لائنر طیاروں کی آمد سے پی آئی اے کو اپنے طویل فاصلے کے بین الاقوامی روٹس اور پروازوں کے آپریشنز کو مزید مستحکم کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔
یہ جدید طیارے پی آئی اے کی مسافر گنجائش، بین الاقوامی سیلز اور عالمی فضائی مارکیٹ میں ایئرلائن کی مسابقت بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
اے او او اے پاکستان کا کہنا ہے کہ جدید اور ارگونومک صلاحیتوں کے حامل ان ڈریم لائنر طیاروں کی آمد سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے فضائی رابطوں اور سفر کے معیار میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔

