پنڈی بھٹیاں: ضلع حافظ آباد میں فتکی فلائی اوور پر مسافر بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر سیم نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مسافر بس رائیونڈ سے چنیوٹ اجتماع میں شرکت کے لیے جا رہی تھی کہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس میں تقریباً 65 مسافر سوار تھے، اہلکاروں نے کرین کی مدد سے بس کو نالے سے نکال لیا ہے، جس کے بعد بس کے نیچے سے لاشیں نکالی گئیں۔ ممکنہ طور پر مزید افراد کی موجودگی کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

