ملکہ کوہسار مری میں بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم نے اچانک کروٹ بدل لی، جبکہ مری ، بھوربن اور پتریاٹہ سمیت مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے بعد موسم سرد ہوگیا اور درجہ حرارت گر کر 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مری میں مزید بارش اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
ریسکیو حکام نے بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر مسافروں کو دورانِ سفر گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کرنے اور درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے نیچے گاڑیاں کھڑی نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

