لاہور : متعدد ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان کے بجائے مقدمات درج کرنے کا اعلان کردیا، جس کا مقصد سڑکوں پر شہریوں کی حفاظت بہتر بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہر میں ٹریفک نظم و ضبط قائم کرنے اور خطرناک ڈرائیونگ کے خاتمے کے لیے سخت ترین پالیسی کا اعلان کر دیا۔
ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر اب صرف چالان نہیں ہوں گے بلکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف براہِ راست پولیس مقدمات درج کیے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ون وے کی خلاف ورزی، روڈ بلاک کرنے اور نمبر پلیٹ چھپانے یا اس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
پولیس فلیشر لائٹس، غیر قانونی نیلی بتی اور گرین نمبر پلیٹس کے استعمال پر بھی مقدمات درج ہوں گے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ریش ڈرائیونگ، غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے، تیز رفتاری، زگ زیگ ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ اور سڑکوں پر ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا اور سڑکوں پر شہریوں کی حفاظت بہتر بنانا ہے۔

