کوئٹہ : بلوچستان میں ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے دور دراز کے مریضوں کو گھر بیٹھے طبی سہولیات کی فراہمی شروع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں صحت کے شعبے میں ایک بڑا بریک تھرو سامنے آیا، جہاں صوبے بھر میں ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔
اس جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے دور دراز کے علاقوں میں مقیم شہریوں کو گھر کی دہلیز کے قریب معیاری طبی مشاورت اور معاونت کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نئے قائم کردہ نظام کے تحت تمام دیہی مراکزِ صحت کے مریضوں کا کوئٹہ میں قائم مرکزی ٹیلی میڈیسن ڈیسک سے براہِ راست رابطہ قائم کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ کے مرکزی ڈیسک پر موجود ماہرینِ طب (ڈاکٹرز) دور دراز کے دیہی مریضوں کا آن لائن معائنہ کر کے انہیں ضروری طبی مشورے اور تجویز کردہ ادویات فراہم کر رہے ہیں۔
ٹیلی میڈیسن کی اس جدید سہولت سے مستفید ہونے والے شہریوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سروس کے معیار کو پرکھنے کے لیے ٹیلی میڈیسن یونٹس سے اچانک (سرپرائز) رابطہ کیا اور نظام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے ڈیسک پر موجود ماہرینِ طب اور معالجین سے ٹیلی میڈیسن کے طریقہ کار اور موصول ہونے والے کیسز کے بارے میں گفتگو کی۔
انہوں نے ٹیلی میڈیسن ڈیسک پر تعینات ڈاکٹرز اور متعلقہ عملے کی مستعدی اور بہترین خدمات پر کامل اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ “الحمدللہ! ہم نے بلوچستان کے عوام سے کیا گیا ایک اور اہم وعدہ پورا کر دیا ہے، دور دراز علاقوں کے شہریوں کو اب معمولی اور بنیادی طبی مشاورت کے لیے کوئٹہ یا دیگر بڑے شہروں کا طویل اور کٹھن سفر نہیں کرنا پڑے گا۔

