• Home  
  • بیس برس بعد صدرِ پاکستان کا دورہ جرمنی، صدر زرداری آج روانہ ہوں گے
- پاکستان

بیس برس بعد صدرِ پاکستان کا دورہ جرمنی، صدر زرداری آج روانہ ہوں گے

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری آج جرمنی کے دورے پر روانہ ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 برسوں میں یہ کسی بھی پاکستانی صدر کا پہلا دورہ جرمنی ہوگا۔ صدر مملکت کو دورے کی دعوت جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے دی تھی، صدر آصف علی زرداری جرمن […]

20 برس بعد صدرِ پاکستان کا دورہ جرمنی، صدر زرداری آج روانہ ہوں گے

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری آج جرمنی کے دورے پر روانہ ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 برسوں میں یہ کسی بھی پاکستانی صدر کا پہلا دورہ جرمنی ہوگا۔

صدر مملکت کو دورے کی دعوت جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے دی تھی، صدر آصف علی زرداری جرمن صدر سے ملاقات کریں گے، جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے بھی ملاقات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت کی میزبان ملک کے تجارتی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی، جن میں باہمی دل چسپی کے امور، علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات میں اکتوبر 2026 کے دوران خاصی سفارتی سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے، اس سال دونوں ملک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

پیر کو برلن میں پاکستانی سفیر سلمان شریف نے جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کی تھیں۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی اور سبز معیشت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ جرمن صدر نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے اسی ہفتے متوقع سرکاری دورے کا خیر مقدم بھی کیا۔

رواں ماہ کے پہلے عشرے کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے جرمنی کے لیے نامزد سفیر سلمان شریف سے ملاقات میں تجارت، دفاع، ترقیاتی تعاون، ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت اور کاروباری رابطوں کو اہم ترجیحات قرار دیا۔

ستمبر میں نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور جرمن وزیرِ خارجہ یوہان وادیفول نے نیویارک میں ملاقات کی تھی۔ دونوں نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور عوامی روابط بڑھانے پر گفتگو کی تھی۔ جرمن وزیرِ خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے مکالمے اور سفارت کاری پر مبنی کردار کو سراہا۔ فلسطین کی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.