• Home  
  • فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ پر سنسر بورڈ کے بیشتر اعتراضات کالعدم قرار
- پاکستان

فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ پر سنسر بورڈ کے بیشتر اعتراضات کالعدم قرار

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ پر سنسر بورڈ کے بیشتر اعتراضات کالعدم قرار دیتے ہوئے بورڈ کو 10 روز میں فلم کی دوبارہ سرٹیفکیشن پر غور کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ فلم کو کم سے کم پابندی والی کیٹیگری دی جائے اور بلاجواز کاٹ چھانٹ […]

فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ پر سنسر بورڈ کے بیشتر اعتراضات کالعدم قرار

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ پر سنسر بورڈ کے بیشتر اعتراضات کالعدم قرار دیتے ہوئے بورڈ کو 10 روز میں فلم کی دوبارہ سرٹیفکیشن پر غور کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے قرار دیا کہ فلم کو کم سے کم پابندی والی کیٹیگری دی جائے اور بلاجواز کاٹ چھانٹ سے گریز کیا جائے۔ عدالت کے مطابق سنسر بورڈ کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 19 اور متعلقہ قوانین کے مطابق نہیں تھا۔

عدالت نے کہا کہ مرکزی سنسر بورڈ اور پنجاب سنسر بورڈ کی جانب سے فلم کی منظوری کے بعد سندھ سنسر بورڈ کے لیے اپنے مختلف فیصلے کی وجوہ دینا ضروری تھا۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ فلم کو الگ کیٹیگری دینے سے قبل فلم سازوں کو ذاتی سماعت کا موقع فراہم کیا جائے۔ سماعت کے دوران فلم ساز نے اسکول میں ایک بچے کے غیر مناسب جملے کی کاٹ چھانٹ پر رضامندی ظاہر کی۔

فلم گھوسٹ اسکول


برطانوی نژاد پاکستانی فلم ساز سیماب گل کی تحریر کردہ، ہدایت کاری میں بنائی گئی اور پروڈیوس کردہ فلم ’’گھوسٹ اسکول‘‘ برطانیہ کے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ حاصل کر چکی ہے۔

فلم کا پہلا شو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوا، جہاں اسے بہترین فلم کے زمرے میں نامزد کیا گیا۔ اس کے بعد رواں سال کے اوائل میں جدہ کے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں اس کی نمائش کی گئی۔ فلم کو لاس اینجلس کے انڈین فلم فیسٹیول میں اس کی ’’غیر معمولی سماجی حقیقت نگاری اور متوازن انداز بیان‘‘ کے باعث ناقدین کی جانب سے سراہا گیا، فلم نے ایشین افریقن لاطینی امریکن فلم فیسٹیول میں خصوصی ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

فلم میں لڑکیوں کی تعلیم کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے اور اس کی کہانی دس سالہ رابعہ کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار نازولیہ ارسلان نے ادا کیا ہے۔ مرکزی کردار تعلیم جاری رکھنا چاہتی ہے، لیکن اس کے گاؤں کا مقامی اسکول اس افواہ کے بعد بند کر دیا جاتا ہے کہ وہاں بھوتوں کا بسیرا ہے۔ اسکول بند کرنے کے لیے استاد اور گاؤں کا بزرگ، دونوں اس افواہ کو بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

فلم کی عکس بندی کراچی کے نواح میں واقع چشمہ گوٹھ اور ایک دوسرے گاؤں میں کی گئی تھی۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.