کیلیفورنیا: ریسلنگ کی دنیا میں پی اے سی (PAC) کے نام سے مشہور ریسلر بینجمن سیٹرلی کی اچانک موت کی وجہ قدرتی قرار دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کک کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر کے دفتر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 40 سالہ سیٹرلی کی موت برونکائیل دمے (Bronchial Asthma) کے سبب واقع ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ سانس کی ایک دائمی بیماری ہے جس میں پھیپھڑوں کی سانس کی نالیاں سوجن کا شکار ہو جاتی ہیں، سکڑ جاتی ہیں اور ان میں اضافی بلغم پیدا ہوجاتا ہے، جس کے سبب معمول کے مطابق سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔

بینجمن سیٹرلی 27 ستمبر کو سہ پہر تقریباً 4 بجے امریکی ریاست الینوائے میں ایک کرائے کی گاڑی میں بے ہوشی کی حالت میں ملے تھے۔
ایمرجنسی سروسز پر کال کرنے والی ایک خاتون نے بتایا تھا کہ انہوں نے سیٹرلی کو بے ہوش پڑے ہوئے دیکھا تھا۔ حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے چند منٹ بعد ہی انہیں مردہ قرار دے دیا تھا۔
ابتدائی امدادی کارروائیوں میں شامل اہلکاروں نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ سیٹرلی کے جسم پر کسی قسم کی چوٹ یا کوئی مشکوک نشان موجود نہیں تھا۔ تاہم معروف ریسلر کی موت کی وجہ جاننے کے لئے مزید تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔

