لاہور : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں کرتے ہوئے 8 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے 91 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 91 مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی۔
کارروائیوں کے نتیجے میں بارودی مواد، اسلحہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء سمیت 8 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں شہزاد اکبر، محمود علی، نعمان، عدنان، فاروق، رحمان اور ہمایوں شامل ہیں، جن کا تعلق کالعدم تنظیم “فتنۃ الخوارج” اور دیگر ممنوعہ گروہوں سے ہے۔ ان عناصر کو گوجرانوالہ، بہاولپور، چنیوٹ، راولپنڈی، بھکر اور سرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دہشت گرد صوبے کے مختلف حساس علاقوں میں تخریب کاری اور دہشت گردانہ کارروائیاں کر کے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

