لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق طالبات کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، اور اب ان کی خصوصی ہدیت پر طالبات کے لیے 2 روزہ مفت اسکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
طالبات لاہور شہر میں قائم 5 ڈرائیونگ اسکولوں میں کہیں بھی فری ڈرائیونگ ٹریننگ حاصل کر سکتی ہیں، سی ٹی او لاہور نے اسکولوں اور کالجوں میں فری ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کا حکم دے دیا ہے۔
اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ اسکوٹی ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کے لیے ٹریفک پولیس سے بھی رابطہ کر سکتی ہے، لبرٹی مارکیٹ، گریٹر اقبال پارک، ایل او ایس فیروزپور روڈ، آبشار، مناواں لائنز میں اسکول قائم کیے گئے ہیں۔
ایل او ایس اسکول فیروزپور روڈ میں خواتین کو مکمل ڈرائیونگ ٹریننگ کورس فری کرایا جا رہا ہے، سی ٹی او لاہور کے مطابق تمام لائسنسنگ ٹیسٹنگ سینٹرز میں طالبات کے لیے الگ جین زی کاؤنٹرز بھی قائم ہیں۔
عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ طلبہ کو 2 روز تک ماہر انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی اسکوٹی چلانے کی عملی تربیت دی جائے گی، ٹریننگ سیشنز میں محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔
سی ٹی او نے بتایا کہ 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کو 10 ہزار سے زائد جووینائل پرمٹس جاری کیے جا چکے ہیں، رواں سال موٹر سائیکل سواروں کو 2 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔

