اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں ہفتہ وار بازار تاحکم ثانی بند کر دیے گئے، فائر سیفٹی انتظامات اورکلیئرنس نہ ملنے تک بازار بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ نے فائر سیفٹی کے معیار پر پورا نہ اترنے پر شہر کے دو بڑے ہفتہ وار بازاروں کو 16 اکتوبر سے عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ بازار اس وقت تک بند رہیں گے جب تک وہ متعلقہ اداروں سے فائر سیفٹی کلیئرنس حاصل نہیں کر لیتے۔
بازاروں کو دوبارہ کھولنے کے لیے “کیپٹل ایمرجنسی سروسز” اور “کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ” سے فائر سیفٹی کی باضابطہ تصدیق اور اجازت لینا لازمی ہوگی۔
یہ فیصلہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیف آفیسر کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے، اور فی الحال بازاروں کے کھلنے کی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی۔
یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دارالحکومت میں تمام انڈور اور آؤٹ ڈور شیشہ کیفے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

