• Home  
  • میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کی نئی پالیسی اور فیس کا اعلان
- پاکستان

میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کی نئی پالیسی اور فیس کا اعلان

لاہور : پنجاب میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کی نئی پالیسی اور فیس کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس داخلوں کی پالیسی جاری کردی گئی ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز […]

میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کی نئی پالیسی اور فیس کا اعلان

لاہور : پنجاب میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کی نئی پالیسی اور فیس کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس داخلوں کی پالیسی جاری کردی گئی ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) داخلوں کا مرکزی نظام چلائے گی، جبکہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔

داخلوں کے میرٹ فارمولے کے تحت ایم ڈی کیٹ کے نمبروں کا وزن 50 فیصد، ایف ایس سی کے نمبروں کا 40 فیصد اور میٹرک کے نمبروں کا 10 فیصد ہوگا۔

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایف ایس سی میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔

پالیسی کے مطابق امیدواروں کے لیے بائیولوجی اور کیمسٹری لازمی مضامین ہوں گے، جبکہ فزکس یا ریاضی میں سے کسی ایک مضمون میں کامیابی ضروری ہوگی۔

سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کو تمام کالجز کی ترجیحات درج کرنا ہوں گی، جبکہ نجی میڈیکل کالجز کے امیدواروں کے لیے ترجیحات کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد منتخب امیدواروں کو تین ورکنگ دنوں میں داخلہ فیس جمع کرانا ہوگی۔

سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ پر سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

بیرونِ ملک میڈیکل داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ کی شرط ختم

دوسری جانب پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے بیرونِ ملک میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنے کی لازمی شرط ختم کردی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے جاری کردہ عوامی نوٹس کے مطابق بیرونِ ملک میڈیکل یا ڈینٹل اداروں میں داخلے کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کو اب ایم ڈی کیٹ میں شرکت یا کامیابی کی شرط پوری نہیں کرنا ہوگی۔

بی ڈی ایس پروگرام چار سال برقرار رکھنے کا فیصلہ

ادھر پی ایم ڈی سی نے بیچلر آف ڈینٹل سرجری (بی ڈی ایس) پروگرام کا دورانیہ پانچ سال کرنے کا سابقہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ پروگرام اب چار سال پر مشتمل رہے گا۔

پی ایم ڈی سی حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کو بتایا کہ ڈینٹل تعلیم کا دورانیہ پانچ سال کرنے سے متعلق سابقہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔

کمیٹی نے پی ایم ڈی سی کو چار سالہ بی ڈی ایس پروگرام کی باضابطہ تصدیق کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.