کراچی: پاکستانی انجینئر حماد عبیدہ 30 روز گزرنے کے باوجود تاحال لاپتا ہیں۔
عمان کے ساحل کے قریب بحری جہاز ایم ٹی ایل گایا پر حملے کے باعث 13 ستمبر کو کراچی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ تھرڈ انجینئر محمد حماد عبیدہ لاپتا ہو گیا تھا۔
26 ستمبر کو اہل خانہ کو 2 لاشیں ملنے کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم باضابطہ طور پر ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انھیں یکم اکتوبر کو لاشیں مسقط میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاع ملی تھی۔
اہل خانہ کے مطابق 4 اکتوبر کو انھیں اطلاع دی گئی کہ لاشوں کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے، 6 اکتوبر کو ڈی این اے شناخت کے عمل سے متعلق وزارتِ خارجہ کو دوبارہ آگاہ کیا گیا، تاہم 8 اکتوبر تک طبی معائنے کی ابتدائی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
لاپتا انجینئر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈی این اے شناخت کے طریقۂ کار اور آئندہ کارروائی کے لیے انھیں کوئی واضح ٹائم لائن بھی نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ محمد حماد عبیدہ کے اہل خانہ ایک ماہ سے اپنے پیارے کے حوالے سے حتمی معلومات کے منتظر ہیں، اے آر وائی نیوز نے جہاز پر حملے کے باعث پاکستانی انجینئر کے لاپتہ ہونے کا معاملہ اٹھایا تھا۔



