کوئٹہ میں آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ، 15 روپے مہنگا ہونے کے بعد آٹا 145 روپے سے 160 روپے کلو ہو گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ہوا ,شہر میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی, مارچ سے اب تک آٹے کی فی کلو قیمت میں 40 روپے جبکہ 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 250 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے,کوئٹہ میں سرکاری طور پر آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 640 روپے مقرر کی گئی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر آٹے اور روٹی کی فروخت یقینی بنائے۔
علاوہ ازیں لاہور میں گندم اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں نے صارفین کوپریشان کردیا۔
لاہور کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا راج برقرارہے ،گندم کی قیمت 4700 سے بڑھ کر 5400 روپے فی من ہوچکی ہے جبکہ 15کلوگرام آٹے کا تھیلا 2350 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے۔
کم آمدنی والے طبقے نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ آٹے و دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے کیونکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کاجینادوبھرکردیاہے۔

