اسلام آباد (9 اکتوبر 2026): خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے یا گورنر راج لگانے کے آپشن پر غور کیلیے وزیر اعظم ہاؤس میں اہم اجلاس کل طلب کر لیا گیا۔
ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے، بیٹھک کے دوران قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا، سابق فاٹا سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کے پی میں عوام کے تحفظ کیلیے وفاق اہم اختیارات استعمال کرے گا، آرٹیکل 232 سے 234 تک پر غور کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا تھا جس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔
اجلاس میں ملک کی امن و امان اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اہم بیٹھک کے دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کی جانب سے مذاکراتی عمل پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے تمام آئینی و قانونی امور پر غور بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی کوششوں کو وقت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

