ذہنی دباؤ اور گھریلو پریشانیوں کا شکار نوجوانوں کی مدد کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی نے نیکسٹ جین سیفٹی ایپ کو مؤثر پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے شہریوں کو مفت نفسیاتی اور ایمرجنسی معاونت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق شہری گھر بیٹھے ذہنی دباؤ، گھریلو مسائل اور دیگر نفسیاتی مشکلات پر ماہرینِ نفسیات سے مفت رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ شناخت ظاہر کیے بغیر بھی اپنے مسائل شیئر کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق نیکسٹ جین سیفٹی ایپ کے ذریعے 9 ہزار 261 کیسز میں شہریوں کو مدد، رہنمائی اور کونسلنگ فراہم کی گئی، جبکہ 2 ہزار 740 افراد نے شناخت ظاہر کیے بغیر رہنمائی حاصل کی۔ اسی طرح 2 ہزار 652 ویڈیو کالز کے ذریعے بھی شہریوں کو مشاورت اور معاونت فراہم کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نیکسٹ جین سیفٹی ایپ نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زی کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جہاں وہ اعتماد کے ساتھ اپنی مشکلات بیان کر کے پیشہ ورانہ رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

