اسلام آباد: کراچی پورٹ سے یورپ کے لیے براہ راست شپنگ سروس بحال کر دی گئی۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی کوششیں رنگ لے آئیں، انھوں نے بتایا کہ 7 یورپی بندرگاہوں کے لیے شپنگ رابطہ بحال کر دیا گیا ہے۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے یورپ کے لیے ہفتہ وار شپنگ رابطہ بحال ہوا ہے، ایم ایس سی نے پریمیم آئی پاک سروس دوبارہ شروع کر دی، اس براہ راست یورپی شپنگ سروس سے برآمدکنندگان کو ریلیف ملے گا۔
انھوں نے کہا کراچی پورٹ سے شپنگ سروس کی بحالی برآمدی صنعت کے لیے اہم پیش رفت ہے، اس سے یورپ کے لیے ٹیکسٹائل سمیت برآمدی سامان کی ترسیل مزید بہتر ہوگی، قابل اعتماد شپنگ رابطے برآمدکنندگان کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
وزیر بحری امور نے کے پی ٹی چیئرمین اور کے جی ٹی ایل انتظامیہ کی کاوشیں قابل تحسین قرار دیں، چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ بحری لاجسٹکس نظام مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، اور کراچی سے یورپ کی اہم منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی۔

