اسلام آباد (7 اکتوبر 2026): نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی 1 روپے 11 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، یہ اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت ایک ماہ کیلیے مہنگی کی گئی ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین سے اضافہ اکتوبر کے بلوں میں وصول ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ سے صارفین پر 19 ارب روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہوگا، بجلی کی قیمت میں اضافے کا لائف لائن صارفین پر اطلاق نہیں ہوگا۔
بجلی کا بحران، لوڈشیڈنگ میں اضافہ
ملک بھر میں بجلی کا بحران بڑھ گیا جس سے شہروں اور دیہاتوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
چند روز قبل پاکستان میں بجلی مارکیٹ کے واحد ڈسپیچر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ذرائع کے مطابق مجموعی شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔
متعدد پاور پلانٹس سسٹم سے نکل گئے اور ہائیڈل پیدوار میں بھی کمی ہوئی ہے، لیسکو میں طلب 4 ہزار اور رسد 3 ہزار میگاواٹ پر آگئی، شارٹ فال بڑھنے سے شہروں و دیہات میں 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی۔

