• Home  
  • عمانی وزیر ہاؤسنگ کا ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار
- پاکستان

عمانی وزیر ہاؤسنگ کا ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار

مسقط : عمانی وزیر ہاؤسنگ نے پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مسقط میں سلطنتِ عمان کے وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر خلفان بن سعید سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں عمانی وزیر نے وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کا […]

عمانی وزیر ہاؤسنگ کا ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار

مسقط : عمانی وزیر ہاؤسنگ نے پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مسقط میں سلطنتِ عمان کے وزیرِ ہاؤسنگ ڈاکٹر خلفان بن سعید سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں عمانی وزیر نے وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور مریم نواز کو ’یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ‘ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات کے دوران اربن پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور کم آمدن والے طبقے کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمانی وزیر ہاؤسنگ نے پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے عمانی وفد کو پروجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا صرف 18 ماہ میں 2 لاکھ سے زائد افراد کو گھر بنانے کے لیے قرضے جاری کیے گئے، جبکہ پروجیکٹ کے تحت سوا لاکھ سے زائد خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں۔

پروجیکٹ کے لیے 260 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں. ماہانہ صرف 14 ہزار روپے کی آسان قسط ہونے کے باعث اقساط کی وصولی 99 فیصد سے بھی زیادہ ہے اور اس پروگرام میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، تمام تر عمل شفافیت پر مبنی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا دل 10 لاکھ گھر بنانے کا ہے، تاہم معاشی حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 سال میں کم آمدن والے طبقے کے لیے 5 لاکھ گھروں کا ہدف پورا کیا جائے گا۔

پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت صوبے بھر کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے، جس کی مدد سے گھروں کی حقیقی ضرورت کا تعین کیا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے عمانی وفد کو ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“، ”اپنی زمین، اپنا گھر“ اور ”اپنی چھت، محفوظ چھت“ جیسے دیگر فلاحی پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔

عمانی وزیر نے پنجاب حکومت کے بلاسود ماڈل کی تعریف کرتے ہوئے کہا عمان میں ہاؤسنگ لون بینکوں کے ذریعے دیے جاتے ہیں یا ہزار ڈالر سے کم آمدن پر گرانٹ دی جاتی ہے، تاہم پنجاب کا بلاسود قرضہ ماڈل انتہائی بہترین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمان میں ہاؤسنگ اور اربن ڈویلپمنٹ کے دو الگ شعبے کام کر رہے ہیں تاہم مقیم پاکستانی کمیونٹی قابلِ قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے اور عمان ہر پاکستانی کے لیے ان کے دوسرے گھر کی مانند ہے۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.