لاہور(یکم اکتوبر 2026): لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کچن بند ہونے کے معاملے پر قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھگڑا ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک قیدی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کے مطابق تصادم کے دوران ہلاک ہونے والے قیدی کی شناخت “اشرف” کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے چار قیدیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ پنجاب نے فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے تین ڈی آئی جیز پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور محسن رفیق، شوکت فیروز اور نوید رؤف شامل ہیں۔
انکوائری کمیٹی نے زخمی قیدیوں اور جیل عملے کے بیانات لے کر باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ سیکریٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

