اسلام آباد : ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے ، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک بار پھر بری خبر سامنے آئی ہے، جہاں اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے دائر کردہ اس درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں آج سماعت کی جا رہی ہے، جس کے بعد اس کا باقاعدہ فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
نیپرا کی منظوری کے بعد اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین پر ہو گا۔
اگست کے مہینے میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جس کی اوسط فیول لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔
اگست کے دوران سب سے زیادہ یعنی 37.84 فیصد بجلی پانی سے پیدا کی گئی جبکہ مقامی کوئلے سے 10.86 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے سے 15.59 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔
مقامی گیس کے ذریعے 7.04 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد بجلی پیدا ہوئی جبکہ فرنس آئل کے ذریعے پیداوار کا تناسب 2.15 فیصد رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں فرنس آئل سے پیدا کی جانے والی بجلی کی لاگت 45.25 روپے فی یونٹ اور درآمدی ایل این جی سے بجلی کی لاگت 45.92 روپے فی یونٹ رہی، جو کہ دیگر ذرائع کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
نیپرا کی جانب سے تفصیلی جائزہ اور اعداد و شمار کی پڑتال مکمل ہونے کے بعد صارفین کے لیے حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

