راولپنڈی(29 ستمبر 2026): سول لائن میں درج حنا جاوید قتل کیس کی شفاف اور منصفانہ تفتیش کے لیے پنجاب حکومت نے ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ڈی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کریں گے، جبکہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈی آئی جی لاہور شعیب خرم اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی بھی شامل ہیں۔
سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں یہ کمیٹی رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرے گی اور حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش کا از سر نو جائزہ لے گی۔
Follow US on ARY Tube
تحقیقاتی کمیٹی جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے علاوہ اب تک کی جانے والی تفتیش کا باریک بینی سے جائزہ لے گی، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ، ملزمان کے بیانات اور مقدمے کی سماعت کے تمام پہلوؤں کا بھی نئے سرے سے جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اعلیٰ سطح کی یہ کمیٹی مقتولہ حنا جاوید کی فیملی سے بھی ملاقات کرے گی۔
واضح رہے کہ حنا جاوید کے قتل کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج ہے، اور اس کیس میں مقتولہ کا شوہر اور اس کا ذاتی ملازم اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
