راولپنڈی(29 ستمبر 2026): سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ‘رد الفتنہ 3’ اور ‘عزم استحکام’ ویژن کے تحت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ‘رد الفتنہ 3’ اور ‘عزم استحکام’ ویژن کے تحت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد جہنم واصل کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کی ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ایک خالی واٹر باوزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ دہشتگرد این 40 شاہراہ پر آتشزدگی کی مختلف کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی تخریبی کارروائیوں میں ملوث اسی گروہ کے 11 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ سیکیورٹی ذرائع کا عزم ہے کہ بلوچستان سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
Follow US on ARY Tube
دوسری جانب ‘عزم استحکام’ ویژن کے تحت خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں بھی ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے جڑ سے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
