ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال میں شوہر سے مبینہ جھگڑے پر خاتون نے چلتی موٹر سائیکل سے نہر میں چھلانگ لگا دی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات 12 بجے خاتون شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھی جھگڑا کر رہی تھی، شوہر سے جھگڑتے ہوئے اچانک خاتون نہر اپر باری دوآب میں کود گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق پیچھے موٹر سائیکل پر آنے والے شہریوں نے خاتون کو بچانے کے لیے نہر میں چھلانگ لگا دی، اور شہریوں کے بروقت اقدام سے خاتون کو زندہ حالت میں نہر سے نکال لیا گیا۔
تاہم ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر خاتون کو بچانے والے شہری کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، شہری کا کہنا تھا کہ خاتون نے کہا کہ اس کی جوتی گر گئی، جس پر شوہر نے بائیک روک لی، اور خاتون اترتے ہی نہر میں کود گئی۔
خاتون کو نہر سے نکالنے کے بعد ریسکیو عملہ بھی پہنچ گیا، جنھوں نے خاتون کی جان بچانے کی کوشش کی اور بعد ازاں ضلعی اسپتال منتقل کر دیا۔

